اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کے نام خط ایک چارچ شیٹ ہے۔ ایک انٹرویو میں عرفان صدیقی نے کہا کہ فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا خون بہا رہی ہے، جوان اور افسر شہید ہو رہے ہیں، ان حالات میں ایسا خط لکھنا کہ عوام اور افواج کے درمیان کوئی خلیج حائل ہو گئی ہے، انتہائی افسوسناک ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ خط ابھی تک نہ دیکھا نہ پڑھا، پتہ نہیں کس کبوتر کی چونچ میں ہے اور وہ کب کس منڈیر پر اترے گا، نہ جانے کون لوگ کہاں سے بیٹھ کر خط لکھتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی اسے اپنا خط قرار دے دیتے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے یہ بھی کہا کہ یہ نام نہاد خط بانی پی ٹی آئی کی شدید مایوسی اور پریشانی کا اظہار ہے، وہ کبھی ایک دروازے پر دستک دیتے ہیں کبھی دوسرے پر، بانی پی ٹی آئی کبھی مذاکرات شروع کرتے ہیں اور کبھی وجہ بتائے بغیر کسی اور راستے پر چل پڑتے ہیں۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس واحد راستہ سنجیدہ مذاکرات ہیں، بےمقصد خطوط نویسی سے کچھ نہیں ملے گا۔ عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ 2023 میں بھی صدر علوی کے ذریعے ایک خط آرمی چیف کو بھیجا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی کو نہ اُس خط کی رسید ملی تھی نہ اب اس خط کی رسید ملے گی۔