کراچی (پاک صحافت) شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی قوم کو غلط راستے پر لے کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سیاست میں مخالفت ہوتی ہے، دشمنی نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے کسی ادارے کو بھی نہیں چھوڑا۔ آج بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو سزا سنائی گئی، انہوں نے توشہ خانہ کے تحائف بیچ دیے، ڈھائی ارب روپے کی گھڑی کے 90 لاکھ روپے دیے گئے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ میں وکلاء کو بار بار تبدیل کیا گیا، جھوٹ بولا گیا کہ تحفہ بیچ کر سڑک بنائی گئی، جھوٹ بولا گیا کہ گھڑی اسلام آباد میں بیچی۔ جعلی منی ٹریل بنانے کی کوشش بھی کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے گھڑی کی انڈرانوائس کروائی، بانی پی ٹی آئی ہمیشہ جھوٹ بولتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوتی، ہماری لیڈر شپ نے 11 سال جیل کاٹی ہے۔