بانیٔ پی ٹی آئی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، پرویز خٹک کا بیان ریکارڈ

راولپنڈی (پاک صحافت) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔ ریفرنس کے گواہ سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں۔

پرویز خٹک نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ نیب نے مئی 2023ء میں مجھ سے 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا تھا۔ بیان میں پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستان سے غیر قانونی طور پر باہر بھجوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔ ریکارڈ کرائے گئے بیان میں سابق وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا ہے کہ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں اضافی ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا۔ پرویز خٹک نے بیان میں کہا ہے کہ اضافی ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے۔

ریکارڈ کرائے گئے بیان میں پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اضافی ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی، ریفرنس کے تفتیشی افسرنے بتایا کہ ایجنڈے کے ساتھ ایک تحریر بھی تھی۔ آج کی سماعت کے دوران ایک گواہ پر جرح مکمل کی گئی جبکہ 1 گواہ کا بیان قلم بند ہوا۔ کیس کے دیگر 2 گواہ اعظم خان اور زبیدہ جلال آج عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ احتساب عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں

عظمی بخاری

دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں کنورٹ ہوچکی ہے۔ عظمی بخاری

لاہور (پاک صحافت) عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے