اسلام آباد (پاک صحافت) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی تک رسائی دینا میرا کام نہیں ہے، مذاکرات کی کامیابی حکومتی اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں پر منحصر ہے۔ حکومت و اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اقدام خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، اسپیکر آفس کے دروازے ہمیشہ آپ اراکین کے لیے کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کو کھلے دل سے آگے بڑھنا ہو گا، اسپیکر سیکریٹریٹ کمیٹی کی ہر طرح کی معاونت کرے گا، حکومت اور اپوزیشن کا جو کام ہے انہیں کرنے دیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ نیوٹرل رہ کر سہولت فراہم کروں، باقی جو ان کی مرضی ہو گی، پاکستان کی خاطر ڈائیلاگ ہو رہے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کوشش ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں اور ملک میں سیاسی استحکام آئے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، دونوں نے مثبت طریقے سے گفتگو کی، ماحول اچھا تھا اُمید نظر آتی ہے سب مل کر کوشش کریں گے۔