کراچی (پاک صحافت) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ایک بار پھر وفاقی حکومت (پاکستان تحریک انصاف) سے الگ ہونے کا اشارہ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئررہنما عامر خان نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم نے وفاقی حکومت کے ساتھ تمام وعدے پورے کیے لیکن حکومتی وعدوں پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو حکومت سے علیحدگی اختیار کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو خبردار کیا کہ ایم کیوایم کے مطالبات کو پورا کیا جائے حکومت نے تاحال ہمارے وعدے پورے نہیں، اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو اتحاد سے الگ ہونے کیلیے کوئی فیصلہ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے پرس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ جان بوجھ کر سندھ کے شہریوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین سالوں میں شہریوں کیلیے کچھ نہیں کیا دو سالوں میں کیا کرلے گی؟ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پھر الیکشن میں واقعی کوئی تبدیلی آسکتی ہے۔