کراچی (پاک صحافت) شرجیل انعام میمن نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کے لئے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لئے متحدہ قومی موومنٹ ماضی کا ایک ڈراؤنا خواب ہو کر رہ گئی ہے۔ ایم کیو ایم اس لئے تنقید کرتی ہے کہ اس پر جوابی تنقید ہو اور اس کا سیاسی قد بڑھے، ایم کیو ایم کے کسی بھی رہنما کے کسی بھی بیان کو ہم سنجیدہ نہیں لیتے۔
ذرائع کے مطابق شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں ظہرانہ ایک کامیاب اجتماع تھا، تاجروں کے اعزاز میں ظہرانے کا مقصد تاجروں کے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تاجروں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، تاجروں نے شکریہ ادا کیا کہ اب ان کو بھتے کی پرچیاں اور بوری بند لاشیں نہیں ملتیں، تاجروں سے قربانی کی کھالیں نہیں چھینی جاتی، روز روز ہڑتالیں نہیں ہوتیں۔