ایس سی او کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں۔ مصطفی کمال

مصطفی کمال

کراچی (پاک صحافت) مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں۔

تفصیلات کے مطابق رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم حکومت وقت سے اپنی کچھ گزارشات کرنا چاہتے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، حکومت اور تمام ریاستی ادارے مل کر معاشی حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماننا پڑے گا ملک میں میکرو اکنامک استحکام آیا ہے، ڈالر ایک جگہ رک گیا ہے، ہم مہنگائی میں سنگل ڈیجٹ پر آگئے ہیں، آج کے دور میں یہ روشنی کی کرن ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ نیا معاہدہ ہوچکا ہے، گزشتہ دنوں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کیلئے وفد آنا شروع ہوگئے ہیں، استحکام کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، مختلف ممالک کے وفود پاکستان آئیں گے، ملک دنیا کی نظروں میں ہوگا، دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کو دیکھ رہے ہوں گے، بیرون ملک اور لوکل کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھے گا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، پی ٹی آئی کا ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان ملکی مفاد میں نہیں، ریڈزون کو سکیورٹی زون قرار دے کر سکیورٹی نے حصار میں لے لیا ہے، احتجاج سیاست اور جمہوریت کا حصہ ہے، ہماری سیاست اور پارٹی ملک کی سالمیت سے اوپر نہیں، ملک ہے تو ہماری سیاست اور جمہوریت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے