کراچی (پاک صحافت) منظور وسان کا کہنا ہے کہ ایران نے سندھ کے زرعی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں 25 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس پر جلد کام شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مشیرزراعت سندھ منظور وسان سے ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان کی وسان ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی۔ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے منظور وسان سے دو طرفہ تجارت اور زرعی سیکٹر کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا، ایران نے سندھ حکومت کو ٹریکٹرز، کمبائنڈ ہارویسٹر اور دیگر زرعی مشینری دینے کی پیشکش کی۔
ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان کا کہنا تھا کہ سیڈ، کولڈ اسٹوریج فریش فروٹ اور ہائبرڈ سیڈ دیگر ممالک سے سستی قیمت پر سندھ کو فراہم کریں گے، ایران سندھ میں زرعی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ مشیر زراعت منظور وسان نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے سندھ حکومت صوبے میں کسانوں کی خواہش پر نئی زرعی ٹیکنالوجی متعارف کروانا چاہتی ہے، ٹنڈوالھیار اور حیدرآباد کے بنانا ایران کو ایکسپورٹ کرتے ہیں۔