اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے انتقال پر پوری قوم افسردہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایرانی صدر سمیت دیگر کی موت بہت افسوسناک ہے، ایرانی صدر کے انتقال پر پوری قوم افسردہ ہے، وزیراعظم ایرانی سفارتخانے جارہے ہیں، صدر مملکت اور وزیراعظم نے تعزیتی پیغامات بھی جاری کیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایرانی صدر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات کی، ابراہیم رئیسی نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت پر بھی بات کی، پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ وزیراعظم نے سوشل میڈیا کے حوالے سے اتھارٹی کے قیام کے لیے کمیٹی قائم کردی، کمیٹی فریقین سے مشاورت کے بعد سفارشات پیش کرے گی، سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز پیغامات بھی پھیلتے ہیں، سوشل میڈیا پر دیگر غیرقانونی اور غیراخلاقی مواد بھی ہوتا ہے۔