اسلام آباد (پاک صحافت) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی روضۂ حضرت امام رضا علیہ السلام پر حاضری بھی دیں گے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ سطحی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادقی سنجرانی کو ایرانی صدر سید ابرہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پاکستان کی نمائندگی کرنے لئے نامزد کیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی قائدین سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ ایران کے صدر کی تقریبِ حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر دلاور خان، احمد خان اور عبدالقادر بھی چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ ہیں۔ یاد رہے کہ 5 اگست 2021ء کو چیئرمین سینیٹ ایران سے واپسی کے لیے پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔