اسلام آباد (پاک صحافت) ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سیلابی صورت حال میں پاکستان کی مدد کا اعلان بھی کیا اور متعلقہ ایرانی اداروں کو پاکستانی سیلاب متاثرین کی جلد از جلد مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا اور ہمدردی اور تعاون پر ایرانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔