لاہور (پاک صحافت) پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں کے اکابرین نے خانہ فرہنگ ایران لاہور کے نئے ڈائریکٹر جنرل آغا جعفر روناس سے ملاقات کی اور ان کا خیرمقدم کیا۔ اس دوران اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ دشمن تکفیریوں کو مسلمانوں کے درمیان انتشار پھیلانے کے لئے یا اسلام کی غلط تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے استعمال کررہا ہے۔ لیکن اب لوگ تکفیری فتنے کو پہچان گئے ہیں جس کی وجہ سے پہلے سے زیادہ اتحاد و وحدت کی کوششوں کو پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے۔
پیرمعصوم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اہلسنت کی اکثریت امام خمینی کے فرمان کے مطابق اسرائیل سے بیزاری اور فلسطین کی حمایت میں یوم القدس مناتے ہیں۔ شہید قاسم سلیمانی راہ اسلام کے شہید ہیں۔ میں نے گزشتہ سال ان کے چہلم میں شرکت کی غرض سے ایران کا سفر بھی کیا تھا۔
خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل آغا جعفر روناس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اتحاد و وحدت کی طرف رہنمائی کرنا علماء کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ خانہ فرہنگ ایران کی جانب سے لاہور میں ماہ مبارک رمضان میں مختلف محافل و مجالس سمیت مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ آپ تمام علماء کو ان پروگراموں کو بہتر طریقے سے منعقد کرنے میں کردار ادا کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کی جانب سے یوم القدس منانے کی تاکید کا مقصد بیت المقدس اور فلسطین کی سرزمین کو اسرائیل قبضے سے آزاد کرانا ہے۔