اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی جیالا منتخب ہونے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی ملی ہے، یہ کامیابی پورے پاکستان کی فتح ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی اور سلمان عبداللّٰہ مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی کراچی کے جیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، ملک کے معاشی حب میں نفرت اور تقسیم کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، شہرِ قائد کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کراچی اب ترقی، امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بنے گا، کراچی کی ہر گلی، محلے اور علاقے کے بلدیاتی مسائل بلا امتیاز حل کریں گے۔