آئی ایم ایف سے 25 ستمبر تک اچھی خبر ملے گی۔ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف قرض سے متعلق 25 ستمبر تک اچھی خبر ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ان خیالات کا اظہار کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ای سی سی کو ملکی معیشت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ 25 ستمبر کو آئی ایم ایف سے قرض متعلق اچھی نوید ملے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ روپے کی قدر مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائرہ 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہیں، آئی ٹی برآمدات 300 ملین ڈالرز ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہوگئی ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئند ہے، جس میں پچھلے ماہ 165ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک کمی ہوئی ہے جبکہ ستمبر میں مزید کمی متوقع ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں ہے، اگست میں 75 ملین ڈالر سر پلس رہا۔ حکومت آئندہ قرض کے حصول کے لیے اپنی شرائط کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے