اسلام آباد (پاک صحافت) سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے۔ اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی، ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا۔
چوہدری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا، عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، پاکستان کو تباہ کرنے کی خواہشمند طاقتیں خطے میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں۔ دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔