کراچی (پاک صحافت) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ ہم سب کا ملک ہے، آپ کے والدین اور بزرگ پاکستان سے آئے ہیں، ہمیں اس کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔ ایس آئی ایف سی کے قیام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے، اوورسیز پاکستانی ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضامن ہے، ہمیں پاکستان کے وقار اور عزت کا ہر صورت خیال رکھنا ہوگا۔ سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کے استحکام کے لیے حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے تمام پاکستانیوں کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔