اسلام آباد (پاک صحافت) خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرکے عوامی رائے کا احترام کرنا ہی حقیقی جمہوریت ہے، فتنہ و فساد کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے، نظام چلتے رہنا چاہیے، انتخابی نتائج ثبوت ہیں سیاست میں آگے بڑھنے کا اصل راستہ یہی ہے۔ سیاست میں فتح و شکست نہیں جمہوری رویے اہم ہیں۔
سید خورشید کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کو بھی اپنی غلطیوں کو اب دہرانا نہیں چاہیے، ن لیگ کو بھی اپنے آپ کو بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔ چیف الیکشن کمشنر تنقید اور ذاتی حملوں کو برداشت کرتے ہوئے اپنا کام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد پر مبارک باد کے مستحق ہیں، امید ہے عام انتخابات میں بھی چیف الیکشن کمشنر ایسے ہی ذمہ داری نبھائیں گے۔