کراچی (پاک صحافت) سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا کو کہنا چاہتے ہیں بس بہت ہوگیا، اسرائیل کوئی ملک نہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں جے یو آئی ف کے شاہراہ قائدین پر اسرائیل مردہ باد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کے اجتماع سے ہم نے اہل غزہ کو پیغام دینا ہے کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔ جے یو آئی ف کے کارکنان اہلیان فلسطین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کراچی میں عوام کو جمع کرکے حکمرانوں کو بیدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے حکمران مفادات کے غلام بن چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ خون کے آخری قطرے تک فلسطین کے عوام کے ساتھ رہیں گے، امریکا کو کہنا چاہتے ہیں بس بہت ہوگیا، اسرائیل کوئی ملک نہیں ہے، یہودیوں نے فلسطین کی زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ اسلامی ممالک کے حکمران کٹھ پتلی بن چکے ہیں، ہمارے ملک کے بانی قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا، ہم اس کو کسی سطح پر بھی قبول کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دبانگ دہل کہتے ہیں کہ حماس دہشت گرد نہیں مجاہد ہے، دہشت گرد اسرائیل اور امریکا ہیں، 27 اپریل کو لاہور مینار پاکستان میں ملین مارچ ہوگا۔