امام مسجد نبوی کی وزیراعظم سے ملاقات

شہباز شریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق دوران ملاقات وزیراعظم نے مسجد نبوی کے امام سے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

امام مسجد نبوی نے وزیراعظم کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور لمبی عمر کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے انتہا عزت و احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے۔ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے