اسلام آباد (پاک صحافت) متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پر ایک ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 2 ارب ڈالر کا قرض پہلے ہی جنوری میں ایک سال کے لیے روول اوور کیا جاچکا ہے، جس کے بعد اب مزید ایک ارب ڈالر کا قرض بھی رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کو ڈپازٹس کے طور پر 3 ارب ڈالر دیے گئے تھے، جس میں سے 2 ارب ڈالرز کا قرض روول اوور کردیا گیا تھا اور اب ایک ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیا جانا باقی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اپنے چین کے دورے سے واپس آکر اماراتی صدر کو خط کے ذریعے ایک ارب ڈالر کے ڈپازٹس کو رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کی جانب سے ہوم ورک مکمل کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ارب ڈالر کا قرض میچورٹی سے پہلے ہی رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔