لاہور (پاک صحافت) حسن مرتضی کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن میں ایساسرپرائز دیں کہ سب کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف لاڈلہ بدلا ہے، کندھا نہیں بدلا، ملک اس طرح چلائیں گے تو اگلی حکومت چلتی نظر نہیں آتی، پیپلز پارٹی کو ڈیل اور ڈھیل سے کوئی خطرہ نہیں، آپ کا مقابلہ اناڑی کھلاڑی سے نہیں، پیپلز پارٹی سے ہے۔
حسن مرتضی کا مزید کہنا تھا کہ میاں صاحب کے بغیر پیپلز پارٹی الیکشن کو ادھورا سمجھتی ہے۔ نگران حکومت ہر وہ کام کررہی ہے جو ان کے کرنے والا نہیں، الیکشن کروانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے جس کا نام نہیں لیا جا رہا، حیران ہوں (ن) لیگ کی نجکاری پالیسی کو یہ آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کو سرکاری اداروں کو بیچنے کا حق کس نے دیا؟ پنجاب میں سرکاری ملازمین پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے، اساتذہ کو جیلوں میں ڈالنا اور ان پر پولیس تشدد زیادتی ہے۔ نواز شریف کو ملنے والا ریلیف بھی غلط ہے، خواجہ آصف میچ فکس کا بیان دے کر کیا تاثر دے رہے ہیں۔