(پاک صحافت) نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں مسلسل دراندازی ہو رہی ہے، دہشت گرد افغان سرزمین کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے او آئی سی گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی عبور کرنے اور آزاد کشمیر پر قبضے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقوں کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، اسرائیل اور اس کے حامیوں کو غزہ میں دوبارہ جنگ سے روکنا ہو گا۔
نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی پُرتشدد اور بے دخلی کی مہم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں، اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں جاری عسکری کارروائیاں معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردی کو شام میں دوبارہ ابھرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، ہمیں شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کرنا چاہیے۔