اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام میں آرمی چیف کی معاونت پر شکر گزار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائش گاہ ایبٹ آباد پہنچے جہاں شہباز شریف نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علی ترمذی کے اہلخانہ سے فاتحہ خوانی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حسنین علی ترمذی نے فرائض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا، شہید سید حسنین علی ترمذی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے اسمگلروں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، حسنین علی ترمذی پوری قوم کا ہیرو ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسمگلرز کا مکمل طورپر خاتمہ یقینی بنائیں گے، اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحد ہیں، اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہوگا ہماری معیشت مضبوط نہیں ہوگی۔ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں 8 افراد شہید ہوئے، ایسے واقعات کی مکمل طورپر بیخ کنی کی جائے گی، اسمگلرز ہمارے مشترکہ دشمن ہیں ان کے خلاف ہمیں اپنی کمر کسنی ہوگی، آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اسمگلنگ کا خاتمہ کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔