کراچی (پاک صحافت) حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف جمیعت علمائے اسلام ف نے ملک گیر احتجاج کی کال دے دی، جمیعت علمائے اسلام ف کی جانب سے 2 اگست بروز جمعہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔
سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر کراچی کے نیو ایم جناح روڈ پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں شریک افراد نے اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطین جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں غائبانہ نمازجنازہ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ حیدرآباد اور کوئٹہ میں بھی اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
فلسطین فاونڈیشن کی جانب سے اسماعیل ہنیہ شہادت پر کراچی کے فوارہ چوک پر احتجاج کیا گیا، فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے ریلی فوارہ چوک سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی جس کی قیادت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہید اسماعیل ہنیہ ہمیشہ شہادت کے طلبگار تھے۔ شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لئے اپنی زندگی قربان کردی، فلسطینی مزاحمت کے رہنماؤں کی شہادت کمزوری نہیں مزید تقویت کا باعث ہے۔