اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور ایف سی کو طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں سنگجانی کی مویشی منڈی میں جلسہ منعقد کیا گیا جس کا وقت شام 7 بجے تک تھا، تاہم جلسے کے لئے دیا گیا وقت ختم ہونے کے باوجود جلسہ جاری رہا۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کہا گیا کہ جلسہ منتظمین کو آگاہ کر دیا تھا کہ 7 بجے جلسہ ختم کرنا ہوگا اور این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی کی جائے گی جبکہ ایس اوپی پر عمل نہ ہونے پر آئندہ این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے جلسہ منتظمین کو انتباہی نوٹس جاری کیا گیا اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل کو جاری کردہ نوٹس میں طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ جلسے کی اجازت نامہ میں درج ایس او پیز پر عملدرآمد سختی سے یقینی بنائیں اور طے شدہ وقت پر جلسہ ختم کرنے کی شرط پر عملدرآمد کرنا ضروری ہے، کسی بھی معاہدے کی شق کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا۔