اسلام آباد (پاک صحافت) خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کیلئے آوٹ سورس کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزير برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام سرور خان کے احمقانہ بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو 70 ارب روپے کا نقصان ہوا، ماضی میں پی آئی اے میں بے دریغ سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جہاں ضرورت نہیں تھی وہاں بھی 50، 50 لوگوں کو بھرتی کیا گیا، مارشل لا، جمہوری حکومتوں میں بھی پی آئی اے میں بے دریغ بھرتیاں ہوئیں، فی الحال اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ 3 ماہ میں برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہوجائیں گی، برطانیہ کے بعد یورپ اور امریکا کی پروازیں بحال کی جائيں گی۔ اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کے لیے آوٹ سورس کیا جا رہا ہے لیکن کوئی ملازم بے روزگار نہیں ہوگا، دنیا میں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ائیرپورٹس کو چلایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آوٹ سورس کا مطلب یہ نہیں کہ ائیرپورٹس کو بیچا جارہا ہے، رن وے اور نیویگیشنل سسٹم آوٹ سورس نہیں کیا جا رہا، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی باری آئے گی، اگر کوئی دباؤ ڈالے گا تو دباو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ نہ کی گئی تو 2 سال میں ادارہ مکمل تباہ ہوجائے گا۔