پشاور (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلامی ممالک اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کی حکومتیں غزہ میں سفاکیت روکنے کے لیے اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں، مسلمان حکمران اگر اب بھی بیدار نہ ہوئے تو اسرائیل فلسطین پر قبضہ کر کے دیگر پڑوسی ممالک پر بھی جارحیت کا آغاز کر دے گا۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کے لیے مزید 14.5 ارب ڈالر کی امداد منظور کر کے صہیونی ریاست کو قتل عام کا لائسنس جاری کیا۔ تاریخ امریکا کی انسانیت پر ظلم کی داستانوں سے بھری پڑی ہے، یہ جاپان، ویت نام، عراق، افغانستان میں لاکھوں انسانوں کے قتل کا ذمہ دار ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پوری امت مسلمہ بے چین، دکھ اور کرب کی حالت میں، حکمرانوں کی جانب دیکھ رہی ہے۔ غزہ میں بچوں، خواتین پر بارود کی بارش کو ایک ماہ ہو گیا، اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، او آئی سی کی اپیلوں کا مذاق اڑایا۔ صہیونی توسیع پسندانہ عزائم پوری دنیا کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے مشترکہ کمیشن تشکیل دیں اور متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ پاکستانیوں نے سالہاسال افغانوں کی میزبانی کی ہے، انھیں ایمرجنسی بنیادوں پر نکالنے سے دونوں ممالک کے مشترکہ دشمنوں کو شہ ملے گی، پروپیگنڈا اور سازشیں ہوں گی۔