اسلام آباد (پاک صحافت) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ جنگ کے تباہ کن اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کے تحفظ اور فلسطینیوں کے حقوق کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی گروپ کو بریفنگ میں اسحاق ڈار نے پاکستان کے مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے حصول کی حمایت کا اعلان کیا۔ اسحاق ڈار نے لبنان میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت اور اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا کا مطالبہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیا، انہوں نے یمن میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی دھمکیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جوہری معاہدے کی بحالی مشرق وسطی میں استحکام کے لیے اہم ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، آبادیاتی تبدیلی کی سازشوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے افغانستان سے دہشت گرد حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف سخت اقدامات، غیرقانونی افغان باشندوں کی واپسی کی ضرورت ہے۔