اسحاق ڈار و امیر مقام نے دورۂ بشکیک ملتوی ہونے کی وجہ بتادی

اسلام آباد (پاک صحافت) کرغیزستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر امیر مقام نے دورۂ بشکیک ملتوی ہونے کی وجہ بتادی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ میں اور امیر مقام وزیرِ اعظم کی ہدایت پر آج کرغیزستان جارہے تھے،کرغیز وزیرِ خارجہ نے درخواست کی حالات کنٹرول میں ہیں، آپ کو آنے کی ضرورت نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کرغیزستان میں پاکستان کے سفیر سے تازہ صورتحال کی مکمل تفصیلا لی گئی ہیں، واقعے میں 16 طلبہ زخمی ہوئے جن میں سے 4 پاکستانی ہیں، 130 پاکستانی طلبہ گزشتہ روز وطن واپس پہنچ چکے جبکہ 540 پاکستانی طلبہ آج وطن واپس پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 50 کے قریب طلبہ نے پاکستانی سفارتخانے میں اپنی انٹری کرائی ہے، آج ایئر فورس کی ایک فلائٹ طلبہ کو واپس لینے کے لیے بشکیک جائے گی، کرغیز وزیرِ خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات کنٹرول میں ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بشکیک واقعے کے بعد ہم نے وزارت خارجہ میں ایمرجنسی یونٹ بحال کردیا ہے، واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، بشکیک میں پیش آنے والا واقعہ بہت افسوسناک ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات دی گئیں،کرغیز وزیرِ خارجہ کے مطابق واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، بشکیک میں موجود جو بھی طالبعلم واپس آنا چاہتے ہیں انہیں سہولت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے