اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سفارتی پاسپورٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ ہوا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روشن مستقل کے لیے دونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے بہت اہم ہیں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
ازبکستان کے صدر کا کہنا ہے کہ خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، تاشقند اور لاہور کے لیے پروازیں دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ شوکت مرزایوف نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہو رہی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، بات چیت کے بعد دونوں ملکوں نے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔