اسلام آباد (پا ک صحافت) سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے مشترکہ اجلاس کے دورا ن ہونے والی قانون سازی کو باعث شرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی جیسے ہوئی وہ باعث شرم ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہوگی، بار ایسوسی ایشنز وہاں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے لاہور میں پی یو جے دستور کے عشائیے میں شرکت کی، اس موقع پر خطاب میں احسن بھون کا کہنا تھا کہ حکومتی طریقہ کار کو کسی بھی حوالے سے قبول نہیں کیا جاسکتا۔ ان کاکہنا تھا کہ جوائنٹ سیشن میں ممبران کی تعداد کے حوالے سے بھی قانون سازی چیلنج ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن بھون نے کہا تھا کہ وکلا، صحافی، سول سوسائٹی ہمیشہ جمہوری قوتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ خیال رہے کہ مشترکہ اجلاس کے دوران حکومت نے ای وی ایم سمیت کئی ترمیمی قانون منظور کر لئے، جس پر اپوزیشن کی تمام جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔