اسلام آباد (پاک صحافت) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ احتجاج کی کال دے کر پی ٹی آئی بڑی غلطی کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کا جیسا رویہ ویسی ہی تیاری کریں گے، پی ٹی آئی والےکہہ رہےہیں سر پر کفن باندھ کرآئیں گے، کابینہ اجلاس میں وزیراعظم پالیسی دیں گے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے نیچے ہی وزیراعلی کا بندوبست ہوسکتا ہے لیکن بندوبست کا طریقہ نہیں بتا سکتا، جو بھی آپشن ہوں گےآئین و قانون کے مطابق ہوں گے۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت سےپہلےکچھ نہیں بتا سکتا، علی امین گنڈاپور کو اسلام آباد میں حملہ آور نہیں ہونے دیا جائے گا،تحریک انصاف والے بڑی غلطی کر رہے ہیں، ناکامی ان کے چہروں پر لکھی ہوئی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے یکطرفہ فیصلہ کردیا ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اس بار بھی تحریک انصاف والے بڑا مظاہرہ نہیں کرسکیں گے، خیبرپختونخوا سے کچھ لوگ آسکتے ہیں، اپنے منہ سے آگ نکالنے والے سارے کمپرؤمائز ہے، نو من تیل ہوگا تو رادھا ناچے گی۔ بلاول بھٹو کی باتوں میں حقیقت ہے، ان کی کچھ باتوں کو بہترانداز میں حل کرنا چاہیے۔