اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج میں شامل تمام تخریب کاروں کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں فتنہ اور تخریب کاروں کا جتھا ہے، خیبر پختونخوا سے سازشیں ہورہی ہیں، کے پی حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ہر چیز کو تہہ و بالا کر دیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پارہ چنار میں اتنے لوگ شہید ہوئے مگر وزیراعلیٰ کے پی کی توجہ اس طرف نہیں، انہیں صرف لشکر کشی کی فکر ہے، خیبر پختونخوا سے جتھا ہر طرح سے لیس ہو کر آیا تھا، مظاہرین نے گولیاں چلائیں، ایک پولیس اور 3 رینجرز اہلکار شہید ہوئے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں احتجاج کے دوران شہید اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں سے پاکستان کی معیشت کو یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، دنیا کے سامنے جو تماشہ لگایا گیا اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، اس سے بڑا دشمن پاکستان کا کوئی ہو سکتا ہے؟ وفاق کے خلاف چوتھی بار لشکرکشی کی گئی۔