حیدرآباد (پاک صحافت) وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اب حکومت وزیرِ اعلیٰ نہیں بلکہ ورکر کرے گا، ورکرز سے تجاویز لینے کے لیے ہی میں دورے کر رہا ہوں۔ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، وزیرِ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اب سندھ میں ٹیچر نہ ہونے سے کوئی اسکول بند نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں پانی کا مسئلہ حل کریں گے، 2022ء کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی پر کام کر رہے ہیں، 21 لاکھ گھر بنانے کا ارادہ ہے، گھروں کے لیے فنڈنگ ارینج کر چکے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، پینے کا صاف پانی سندھ کے ہر گاؤں، محلے اور ہر فرد تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024ء کے الیکشن میں سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو بھرپور کامیابی دلائی، بےنظیر لیبر کارڈ شروع کر دیا تھا، اب اس کو مزید آگے بڑھائیں گے، بلاول بھٹو نے سندھ میں صاف پینے کا پانی ہر گاؤں اور محلے تک پہنچانے کا ٹاسک دیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول نے لوگوں کو 300 یونٹ تک بجلی فری دینے کا کہا تھا، اس پر حکومتِ سندھ کام کر رہی ہے، تھر سے ریلوے لائن کا منصوبہ تو بہت پرانا ہے، ہم تو اس کوئلے کو ایکسپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔