کراچی (پاک صحافت) سعید غنی کا کہنا ہے کہ آمروں کے لئے آلہ کاری کرنے والے بھی ہمیں جمہوریت کا درس دیتے ہیں جبکہ اب آمروں کی پاکٹ جماعتوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی کراچی میں شر اور فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی کے شہری لسانی اور نفرت کی سیاست کو دفن کرچکے ہیں۔ جماعت اسلامی لسانیت کو ہوا دیکر نئی ایم کیو ایم بننے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام سے اختلاف مخالفین کا جمہوری حق ہے، نئے بلدیاتی نظام کی مخالفت سیاسی شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی نظام کو پاس کرنے کے خلاف جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔
Short Link
Copied