مظفر آباد (پاک صحافت) آزاد کشمیر میں انتخابی مہم اپنے عروج پر ہے، ذرائع کے مطابق عام انتخابات نزدیک آتے ہی آزاد کشمیر سیاسی رہنماؤں کا گڑھ بن گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے سے ہی آزاد کشمیر میں موجود ہیں، جبکہ(ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی آج مظفرآباد پہنچیں رہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں آباد مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی آزاد کشمیر کا رخ کرنا شروع کردیا۔ کورونا وائرس کی وبا اور انتہائی مہنگے ٹکٹوں کے باوجود برٹش پاکستانی مختلف شہروں میں پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر میں پیپپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی سمیت دیگر متعدد پارٹیوں کے رہنما انتخابی مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے عباس پور، پونچھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری جماعت میدان میں آگئی ہے، پیپلز پارٹی کل بھی زندہ تھی آج بھی زندہ ہے۔ یاد رہے کہ رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے 724 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔ 25 جولائی کو 45 انتخابی حلقوں میں امیدوار الیکشن لڑیں گے۔