اسلام آباد (پاک صحافت) انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا ہے کہ آج چاند پر جانے والا پاکستانی سیٹلائٹ مشن چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب قمر‘ آج چین کی ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے روانہ ہو گا۔
انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکنِ کور کمیٹی نے بتایا کہ 3 تا 6 ماہ چاند کے اطراف چکر لگائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی۔ ڈاکٹر خرم خورشید نے مزید بتایا کہ پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے اپنے سیٹلائٹ سے لی جانے والی چاند کی تصاویر ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’آئی کیوب قمر‘ پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہو گا۔ واضح رہے کہ چاند پر آج پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب قمر‘ بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔