اسلام آباد (پاک صحافت) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مختلف امور کا جائزہ لینے کیلئے مشن پاکستان بھیج دیا۔ آئی ایم ایف مشن ججوں کی تقرری اور عدلیہ کی آزادی کا جائزہ لینے میں مصروف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن جوڈیشل کمیشن اور سپریم کورٹ آف پاکستان سمیت 19 وزارتوں، محکموں اور اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
اس مشن کا فوکس قانون کی حکمرانی، انسدادِ بدعنوانی، مالیاتی نگرانی کو مضبوط کرنا ہے۔ آئی ایم ایف مشن اگلے ہفتے جوڈیشل کمیشن کے ساتھ میٹنگ کرے گا جس میں ججز کی تقرری کے طریقہ کار پر بات چیت ہوگی۔ آئی ایم ایف مشن عدلیہ کی آزادی کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ میں بھی ملاقاتیں کرے گا جبکہ بینکنگ اور منی لانڈرنگ سمیت گورننس کے معاملات کا بھی جائزہ لے گا۔
مشن نے جمعرات 6 فروری کو اپنے کام کا آغاز کیا تھا اور یہ 14 فروری تک اپنا کام مکمل کرلے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مشن کا قرض پروگرام سے کوئی تعلق نہیں، یہ اکیڈمک نوعیت کا مشن ہے۔ آئی ایم ایف ایسی رپورٹس دنیا بھر کے ممالک کیلئے مرتب کرتا رہتا ہے۔ ترجمان آئی ایم ایف ماہر بینیجی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پروگرام سے متعلقہ مسائل کے علاوہ کوئی جائزہ نہیں لیا جائے گا۔