اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستانی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک آج معاشی مشکلات سے باہر آرہا ہے اور ترقی و خوش حالی کے راستے پر سفر شروع ہوچکا ہے۔ یہ سفر ملکی اشرافیہ سے قربانی کا تقاضا کرتا ہے۔ عام انتخابات کے بعد حکومت سنبھالتے ہی کام کا آغاز معیشت سنبھالنے کے اقدامات سے کیا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح 38 فی صد سے کم ہو کر 12 فی صد تک پہنچی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح قرضوں پر 22 فی صد شرح سود کم ہو گئی اور اب یہ 20 فی صد پر آچکی ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ ہماری موجودہ حکومت کو آج 100 دن مکمل ہوئے ہیں، ایک روز قبل ہی پیٹرول کی قیمت کم کی گئی، جس سے مہنگائی سے ستائے عوام کو کچھ ریلیف ضرور ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کو یاد کرکے رونے سے فائدہ حاصل نہیں ہوگا، ہم ماضی سے سبق سیکھ کر ملک کا کھویا ہوا مقام واپس لائیں گے۔ قربانی اور ایثار کے جذبے کے ساتھ چلیں گے تو کچھ ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔