اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی و بہبود کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔
تفصیلات کے مطابق دولت مشترکہ ایشیاء یوتھ الائنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ یوتھ الائنس سمٹ کی میزبانی پر خوشی ہے، حکومت اور عوام کی جانب سے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں،پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہے۔ چیلنجز سے نمٹنے میں دولت مشترکہ رکن ممالک کے درمیان بہترین شراکت داری کا پلیٹ فارم ہے، دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، نوجوان پرامن اورخوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کی بہبود اورترقی کے حوالے سے پنجاب اوروفاق نے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کمزور مالی وسائل کے ہونہار طلبا کو وظائف دیئے گئے، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں دانش سکول قائم کررہے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی وبہبود کا فلیگ شپ پروگرام ہے، میں نے اپنی تمام سیاسی زندگی میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔