لاہور (پاک صحافت) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے اور اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر نے گورنر کی مقررہ تاریخ اور وقت پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب نہیں کیا، وزیراعلی پنجاب نے بھی اعتماد کا ووٹ نہیں لیا جس پر گورنر نے پرویز الہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن تیار ہے اور نواز شریف کی اجازت کا انتظار ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر معمولی صورت حال میں کسی بھی وقت نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکتا ہے تاہم امکان ہے کہ رات 12 بجے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا اعلان کیا جائے گا کیونکہ گورنر نے آج اجلاس بلانے کی ہدایت کی تھی اور اگر آج ہی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تو معاملہ عدالت جاسکتا ہے۔