لاہور (پاک صحافت) وزیر اطلاعات پنجاب اور مسلم لیگ نواز کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خیبر پختون خوا میں قیادت سنبھالنے کے بعد جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہوگئے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا نے بھی بانی پی ٹی آئی کی انتشار، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو ریجکٹ کر دیا ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا ہےکہ سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ میں حاضریاں لگا کر بھی 5 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی ضلع سے اِن کے لوگ نہیں نکلے، 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد قوم فتنےکی احتجاجی سیاست سے تنگ آچکی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ کے پی کے نوجوانوں نے دیکھ لیا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس، اسکالرشپس ملی ہیں، مریم نواز بہت جلد خیبر پختون خوا کے بچوں کو بھی اسکالرشپس دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کا ویژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔