اسلام آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے حکومتی کمیٹی کو پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آج حکومت اور اپوزیشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، تحریک انصاف کی جانب سے پیش چارٹر آف ڈیمانڈ کا جواب دینے کیلئے وزیراعظم نے تمام اتحادیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی ایک موثر جواب تیار کرے گی، ہم جو جواب پیش کریں گے وہ حتمی جواب ہو گا۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پہلے 2 بنیادی مطالبات تھے جو اس میں شامل نہیں، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے اس مطالبے سے وہ دستبردار ہوگئے ہیں، دوسرا مطالبہ تھا کہ تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں، انہوں نے کسی ورکر کا نام یا ایف آئی آر کا نمبر نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی گرفتاری کے معاملے پر سپریم کورٹ پہلے ہی کارروائی کر چکا، گڈ ٹو سی یو والا مشہور معاملہ اسی کیس میں ہوا تھا، چیف جسٹس نے اس معاملے کا نوٹس لیا تھا، یہ ایک ختم شد معاملہ ہے اس پر اب کیا ہوگا، یہ تمام کیسز انسداد دہشت گردی میں ہیں۔