اسلام آباد (پاک صحافت) مہنگائی کے ستائے شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات پر مزید ریلیف فراہم کردیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 1.86 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔جس کے بعد پٹرول کی قیمت 260.96 روپے سے کم ہو کر 259.10 روپے ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.32 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 266.07 روپے سے کم ہو کر 262.75 روپے ہوگئی۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 2.15 روپے فی لیٹر کمی ہوئی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 171.77 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 169.62 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2.97 روپے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 157.02 روپے سے کم ہو کر 154.05 روپے پر آگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ٓج رات 12 بجے سے ہوگا۔