لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ایک لاکھ ہنرمند نوجوانوں کی ٹریننگ اور ملازمت کی جگہ کے تعین کا ٹارگٹ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ہنرمند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر کاروبار کارڈ اور کاروبار فنانس لون دینے کی بھی ہدایت دی ہے جبکہ ہنرمند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کےلیے جامع پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کےلیے اسکلز آن ویل پراجیکٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرانس جینڈر کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام ”پہچان“ شروع کیا جا رہا ہے، 1600 ٹرانس جینڈر کی ٹریننگ کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لیے ٹریننگ اور جاب مارکیٹ مہیا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر ہی خوشحالی کے راستے پر چلنا ممکن ہوگا، حکومت پنجاب نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کے لیے سپورٹ کرے گی۔