اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم نے مذہبی تنظیم ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے رسمی طور پر پابندی کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے لئے وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے سمری وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو بھیجی گئی تھی۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی پر پابندی کی سمری منظور کرلی ہے۔ وزارت داخلہ جلد پابندی کا اعلان کرے گی۔
پابندی کی سمری میں لکھا ہے کہ تحریک لبیک کی پُرتشدد کارروائیوں سے دو پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتار اور ٹی ایل پی کے خلاف 115 ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔