لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائیزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے اور یہی ایجنڈا پورا کرنے کیلئے نواز شریف آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ملک و قوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نواز شریف کی روایت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کارکنوں سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آ رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک اور قوم کو زخم لگتے ہیں ہر بار نواز شریف آ کر مرہم رکھتا ہے، سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کیلئے نواز شریف کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ وطن واپسی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا سفر شروع ہو چکا ہے، وہ لندن سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف روضہ رسول ﷺ کی زیارت بھی کریں گے جبکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اعلیٰ سعودی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔