اسلام آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ہم ملک کی خاطر پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ موجودہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ سیاستدان اکٹھے ہو کر ملک کو سنبھالیں، ہم اس وقت بھی بات چیت کے لیے تیار تھے جب پی ٹی آئی ہمیں جیلوں میں ڈال رہی تھی۔ سیاستدان پہلے بھی اور آج بھی معاملے کو کسی سمت لگنے نہیں دے رہے، جب تک ہم مل کر نہیں بیٹھیں گے یہ مسائل جوں کے توں رہیں گے۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں سول بالادستی چاہتے ہیں، کسی ادارے سے محاذ آرائی ہرگز ہمارا مقصد نہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ اپنے کردار میں واپس چلی جاتی ہے تو پھر ہمیں مزاحمتی بیانیہ اپنانے کی کیا ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانا شہباز شریف کی صوابدید تھی، یقیناً یہ فیصلہ نواز شریف کی مشاورت سے ہوا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے قبل نواز شریف سے مشاورت کرتے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جلد جنرل کونسل کا اجلاس بلا رہے ہیں اور امید ہے کہ قرارداد کے ذریعے ہی نواز شریف پارٹی صدر بن جائیں گے۔