لاہور (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات برائے پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیانات پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرگٹ رنگ بدلتا ہے لیکن اس کی فطرت نہیں بدلتی، تحریکِ انصاف گنگا نہا کر بھی آ جائے، تب بھی 9 مئی کے سیاہ دھبے نہیں مٹ سکتے، دھرنے اور جلسے اڈیالہ جیل کے قیدی کا کاروبار ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو بیرونی فنڈنگ نہیں ملتی، یہ دھرنوں اور جلسوں کے بغیر ڈیجیٹل دہشت گردوں کو تنخواہیں بھی نہیں دے پاتی، پی ٹی آئی ایک سال سے جلسے جلوس نہ کرنے سے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کے ساتھ قوم نہیں دیہاڑی دار اور ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں، قوم پاکستان کے ساتھ ہے، مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا ہے کہ اب فوج کی حرمت اور تقدس پر 9 مئی والے ہمیں لیکچر دیں گے، اللّٰہ کی شان ہے، آپ لوگوں کے بھیانک چہرے اور بدبو دار سیاست کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی امین کی 5، 5 ہزار کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو کے پی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، میوزک کنسرٹ اور پیسے بانٹ کر لوگ اکٹھے کرنے والے کہتے ہیں قوم ہمارے ساتھ ہے۔