اسلام آباد (پاک صحافت) صدر مملکت آصف زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو دریائے سندھ سے کینال نکالنے کا منصوبہ ترک کرنے کا مشورہ دے دیا۔ آصف زرداری نے خبردار کیا کہ وفاقی اکائیوں کی مخالفت کے باوجود حکومت کا دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کا فیصلہ یکطرفہ ہے، بطور صدر اس تجویز کی حمایت نہیں کر سکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہوا۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر بلایا گیا جس سے انہوں نے آئین کے آرٹیکل 56 کی شق 3 کے تحت خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس کے آغاز میں قومی ترانہ، تلاوتِ قرآن مجید اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے بائیں جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بیٹھے ہوئے تھے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، اراکینِ قومی اسمبلی و سینیٹ اجلاس میں شریک ہوئے۔